بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پہلا ون ڈے؛ پاکستان کاآسٹریلیا کوجیت کے لیے 204 رنز کاہدف

میلبورن(نیوز ڈیسک)پہلے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف دے دیا۔

میلبرن میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ اچھا رہا اور مہمان پاکستانی ٹیم 47 ویں اوور میں 203 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گری تھی جب مچل اسٹارک نے صائم ایوب کو 1 رن پر پویلین روانہ کیا تھا جبکہ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 24 رنز پر گری۔

عبداللّٰہ شفیق 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کو بھی مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 63 رنز پر گری جب بابر اعظم 37 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کامران غلام تھے، وہ بھی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 101 رنز پر گری جب نائب کپتان سلمان علی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ 117 رنز پر گری، جب کپتان محمد رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 148 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی صورت میں گری، وہ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ پاکستان کی آٹھویں وکٹ 175 رنز پر گری، جب عرفان خان 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ 183 اور دسویں وکٹ 203 رنز پر گری، حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے جبکہ نسیم شاہ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے 3 وکٹیں مچل اسٹارک جبکہ ایک ایک وکٹ ایڈم زمپا، مارنس لیبوشین، پیٹ کمنز اور شان ایبٹ نے حاصل کی۔

پاکستان ٹیم 4 فاسٹ بولروں کیساتھ میدان میں
پاکستانی ٹیم ایک سال بعد ون ڈے انٹر نیشنل کھیل رہی ہے، گرین شرٹس نے کینگروز پر پوری طاقت سے حملہ آور ہونے کے لیے 4 فاسٹ بولروں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی اسکواڈ
پہلے ون ڈے میچ کے لیے قومی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم
دوسری جانب آسٹریلیا کے 11 کھلاڑیوں میں پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میک گورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، شان ایبٹ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں ہو گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 10 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔