کراچی:ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی دستاویزات اور دھوکہ دہی کے ذریعے ویزا حصول میں ملوث 4 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران جعلی دستاویزات اور دھوکہ دہی کے ذریعے ویزا حصول میں ملوث 4 مسافروں کو گرفتار کیا گیا جن میں 2خواتین بھی شامل ہیں۔
کارروائی کےدوران محمد عارف، محمد گل، زرینہ اور شہنازگل کی گرفتاری عمل میں آئی، ملزم عارف ساوتھ افریقا سے پاکستان پہنچا تھا ، ملزم کے پاسپورٹ پر ساوتھ افریقا کا جعلی ویزا لگاہوا تھا جبکہ ملزم محمد گل، زرینہ اور شہناز گل عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔
ملزمان کا تعلق شکارپور اور رحیم یارخان سے ہے، ملزمان کےپاسپورٹس پر جائے پیدائش گجرانوالہ اور سرگودھا درج تھی، ملزمان نےجعل سازی اور دھوکہ دہی کرتے ہوئے عمرے کے ویزے حاصل کیے تھے، ملزمان کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔
گرفتار ملزمان کومزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔