چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول کے حوالے سے اجلاس آج دوپہر پاکستانی وقت کے مطابق 3:30 بجے شروع ہوگا۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹس میں انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق فیصلہ آج بورڈ میٹنگ میں کرے گا۔
ایونٹ کی میزبانی کے فرائض پاکستان کے سپرد ہیں تاہم بھارتی انکار کے بعد آئی سی سی کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو چیئرمین پی سی بی اور حکومت نے ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے دوٹوک پیغام دیا ہےکہ فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا، اگر بھارت کو کسی قسم کا فائدہ پہنچایا گیا تو پاکستان آئندہ ایونٹس میں روایتی حریف کیخلاف کسی بھی میدان میں کھیلنے سے صاف انکار کردے گا۔
ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنے اسپانسرز اور پیسے کا رعب دیکھاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ہائبرڈ ماڈل پر ایونٹ کروانے کیلئے مجبور کرے گا۔
پاکستان نے بورڈ میٹنگ سے قبل ہی ٹرافی کا قابل قبول فارمولا مانگا ہے اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کے واضح مؤقف سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم زخم سہہ لیں گے لیکن ہم اپنی عزت پر بات نہیں آنے دیں گے، پی سی بی چیمپئینز ٹرافی کے سارے انتظامات تقریباً مکمل کرچکا ہے اور حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔
چیمپئینز ٹرافی کے مستقبل سے متعلق فیصلہ آج 29 نومبر کو ہوگا تاہم آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے حوالے سے کوئی باضابطہ ٹائم سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کیلئے دی گئی ڈیڈلائن بھی ختم ہوچکی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیڈلاک کی وجہ سے معاملات بورڈ ممبرز کی ووٹنگ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ اگلے 2 سالوں میں بھارت نے آئی سی سی کے دو بڑے ایونٹس کی میزبانی کرنی ہے، جس میں ویمنز ورلڈکپ 2025 اور مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 شامل ہیں۔









