اسلام آباد : پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے حکومت کے ساتھ رابطہ کیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے مفاہمت کی فضا پیدا کرنے کے لئے پی ٹی آئی کی مذاکراتی پیشکش قبول کی، ہماری طرف سے ہمیشہ سے سیاسی مذاکرات سے مسائل کے حل کی بات کی گئی ۔ ادھر حکومت سے مذاکرات کے لیے تحریک انصاف کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی بانی جماعت کی طرف سے تشکیل دی گئی ہے۔اس سے پہلے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی امید ظاہرکی تھی ۔ان کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی کی 5 رکنی کمیٹی کے پاس مذاکرات کا مینڈیٹ ہے، جو بھی ہمارے ساتھ مزاکرات کرنا چاہے وہ رابطہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت کی بات ہے تو امید ہے آج اجلاس ہوگا، حکومت پہلے بھی کوئی قابل عمل چیز لے کر آتی تو ہم اس پر بات کرنے کو تیار تھے، اب بھی تیار ہیں۔ اس سوال پر کہ حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ کیا گیا ہے ؟ سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ کچھ چیزیں امانت ہوتی ہیں، اس کا جواب عمر ایوب خان دیں گے، انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے اندر تمام پارلیمانی پارٹیوں سے رابطہ ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی مذاکرا ت پر آمادہ، حکومت کے ساتھ رابطہ








