بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جواب دینا کابینہ کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم تھا تو خود جواب دیتا تھا، یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سوالوں کے جواب دینا ساری کابینہ کی ذمہ داری ہوتی ہے، جب میں وزیراعظم ہوتا تھا تو خود آکر ایوان میں جواب دیتا تھا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت جاری سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ حکومتی بینچز پر کوئی وفاقی وزرا موجود ہی نہیں ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اطلاع آئی ہے کہ وزیر توانائی اویس لغاری وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں مصروف ہیں، وزارت توانائی سے متعلق جو سوالات ہیں، انہیں آخر میں ٹیک اپ کرلیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی کوئی وفاقی وزیر موجود نہیں تھا، اب یہاں بھی کوئی نہیں ہے، اجلاس کو ملتوی کردیں، سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جو وزرا نہیں آئے، انہیں معطل کردیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر دوست محمد نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ واضح کردیتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کبھی بھی دھوکا نہیں کریں گے، 26 نومبر کو جو ہوا، ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔

سینیٹر دوست محمد نے کہا کہ اس رات ہسپتالوں میں کوئی جگہ نہیں تھی، ہمارے گھر پر چھاپے مارے جاتے ہیں، حملہ کیے جاتے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ابھی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا جواب آیا ہے، وہ کچھ وقت تک پہنچ رہے ہیں، سوالوں کے جواب دینا ساری کابینہ کی ذمہ داری ہوتی ہے، چیئرمین سینیٹ جب میں وزیراعظم ہوتا تھا تو خود آکر ایوان میں جواب دیتا تھا۔