سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کیے گئے آپریشن کے دوران 43 خارجی دہشت گرد مارے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی، فورسز کی جانب سے مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ 9 دسمبر 2024 سے اب تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسیٰ خیل اور پنجگور اضلاع میں دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور خارجی دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان آپریشنز سے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروہوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
ادھر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمدشہبازشریف نے پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے دوران 43 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا
انہوں نے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر وقت سرگرم عمل ہیں، صدر مملکت مُختلف آپریشنز کے دوران بڑے پیمانے پر دہشت گردوں ك خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے کردار کی معترف ہے۔
انہوں نے امیدظاہرکی کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کے خِلاف مزید کامیابیاں حاصل کریں گی۔
انہوں نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا









