بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 پی ٹی آئی احتجاج میں رینجرزاہلکاروں کی اموات، عمران اور انکی اہلیہ کیخلاف ایف آئی آرمنظرعام پر آگئی

اسلام آباد ( ملک نجیب ) تحریک انصاف کے احتجاج میں رینجرز اہلکاروں کے جاں بحق ہونے سے متعلق تھانہ رمنا میں بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف قتل کے مقدمہ کی سیل ایف آئی آر منظرعام پر آ گئی ۔ اعلیٰ حکام کے حکم پر مقدمہ کی ایف آئی آر سیل کر دی گئی تھی ۔ مقدمہ سندھ رینجرز کے اہلکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ، مقدمہ کے مطابق تمام وقوعہ کا منصوبہ اڈیالہ جیل میں بنایا گیا ، رینجرز اہلکاروں کی ہلاکت کا وقوعہ بانی پی ٹی آئی کی ایما اورحکم پر ہوا ، منصوبہ مختلف اوقات میں جیل میں ملاقات کے لئے جانے والی پی ٹی آئی کی اعلی قیادت کے ذریعے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا ، مقدمہ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے گواہان جیل میں قید کچھ قیدی ، مشقتی اورجیل میں خفیہ پولیس کے ملازمین ہیں ، بانی پی ٹی آئی کے حکم کی تعمیل بشریٰ بی بی ، علی امین ، عمر ایوب ، وقاص اکرم ، سلمان اکرم راجہ ، مراد سعید ، زلفی بخاری ، رؤف حسن ، حماد اظہر اور دیگر قیادت نے باہمی سازش مجرمانہ کے تحت ایک حکمت عملی کی ، بشری بی بی اور دیگرمندرجہ بالا ملزمان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام کو مشتعل کیا ، ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت نے عوام کو فوج اور حکومت کے خلاف بغاوت پر اکسایا جس سے وقوعہ ہوا ، احتجاج میں ڈیوٹی پر مامور ایک نامعلوم ڈرائیورکی لینڈ کروزر نے تین رینجرز اہلکاروں کو کچل دیا تھا ، پی ٹی آئی کی اعلی قیادت پر قتل کے مقدمے کے ساتھ دہشت گردی اور تعزیرات پاکستان کی دس مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں ۔