بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

9 مئی کو غداری کی گئی: دعا کریں فیض حمیدکو سزائے موت نہ ہو، فیصل واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ آرمی تمام ثبوتوں کے بعد چارج شیٹ کرتی ہے، جنرل فیض کو کورٹ مارشل میں سزا بھی ہوگی، ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ انہیں سزائے موت نہ ہو، لگتا ہے شہداء کی آڑ میں سول نافرمانی مؤخر کردی جائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ 9 مئی کو غداری کی گئی، کچھ لوگوں نے عمران خان کی آڈیوز اور میسجز کے ثبوت دے دیئے ہیں، پہلے ہی کہا تھا بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل پر حیرت نہیں ہوگی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پشاور دھرنے کے وقت وہاں کے کور کمانڈر فیض حمید تھے، جنرل فیض نے کوئی بھی کام اکیلے نہیں کیا، انہوں نے صرف مہرے کا کام سرانجام دیا۔
ان کاکہناتھاکہ پی ٹی آئی میں واحد آدمی تھا جو جنرل (ر) فیض حمید کے قابو نہیں آیا، سابق ڈی جی آئی ایس آئی کی گردن بچے گی تو یہ بھی بچیں گے، جنرل فیض کو سزا ہوئی تو کوئی نہیں بچے گا، پوری پی ٹی آئی انہیں بچانے میں لگی ہے۔
سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ عمران خان نے خود کو گولی نہیں لگوائی تھی، بانی پی ٹی آئی پر حملے کا کس، کس کو فائدہ ہوا سب کو معلوم ہے، ایک آدمی جیل میں اور باقی سب اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں سیاست کا یہاں تک آجانا ہماری بدقسمتی ہے، ہمیں اپنے رویے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا مدرسہ بل پر مؤقف بالکل درست ہے، نوازشریف کو اس معاملے پر بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔