اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے الزامات کو جھوٹ اور فساد پر مبنی قرار دیتے ہوئے قوم کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارن میڈیا کو خیبر پختونخوا میں بلا کر گمراہ کن بریفنگ دی جا رہی ہے، جو شرپسندی اور ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھڑکیں مارنا، دھمکیاں دینا اور الزامات لگانا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے علی امین کے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2014ء میں انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے جوانوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی امین احتجاج کو تشدد پر اکسانے کے بعد خود بھاگ جاتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ علی امین کی جانب سے پرامن احتجاج کا دعویٰ کہاں درست ہے، جب ان کے تمام احتجاج تشدد اور انتشار کا باعث بنتے ہیں؟ انہوں نے بشریٰ بی بی پر کارکنوں کو ورغلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ڈی چوک پر کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر علی امین اور بشریٰ بی بی بھاگ گئے۔
وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پروپیگنڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کے خلاف جھوٹے بیانیے پھیلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات قوم کبھی نہیں بھولے گی، اور ان میں ملوث افراد کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا کے معاملات سنبھالنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کی سیاسی، اخلاقی، اور انتظامی ناکامی واضح ہو چکی ہے۔








