بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل:جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے مدد مانگ لی 

 

اسلام آباد: مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان سیاسی رابطہ قائم ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جے یو آئی نے کے پی میں اس بل کے تناظر میں قانون سازی کیلئے پاکستان تحریک انصاف سے مدد کی درخواست کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر اور جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے درمیان ملاقات ہوئی،جس میں سیاسی صورتحال اور مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ اسد قیصر نے اس موقع پر کامران مرتضیٰ سے کہا کہ جے یو آئی یہ وضاحت دے کہ پاکستان تحریک انصاف مدارس کے مسئلے میں ان کی کس طرح سے مدد کر سکتی ہے۔  کامران مرتضیٰ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو پہلے اپنی اندرونی مشاورت مکمل کرنی چاہیے کہ آیا وہ جے یو آئی کے ساتھ اس معاملے پر تعاون کرنا چاہتی ہے یا نہیں؟انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے مدارس اور جے یو آئی کے حوالے سے متضاد بیانات کی بھی نشاندہی کی۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی ہماری مدد کرنا چاہتی ہے تو کے پی اسمبلی میں مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل کی روشنی میں قانون سازی کی جائے، کیونکہ مرکز سے منظور ہونے والے بل کا دائرہ صرف اسلام آباد تک محدود رہے گا۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جے یو آئی پنجاب، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں سے بھی قانون سازی کیلئے صوبائی حکومتوں اور سیاسی قیادت سے بات کرے گی۔