بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت نے پیپلز پارٹی کو ہی تو سر پر نہیں بٹھانا ، ہم بھی اتحادی ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

اسلام آباد: ایم کیو ایم   پاکستان کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ حکومت نے پیپلز پارٹی کو ہی تو سر پر نہیں بٹھانا ، ہم بھی اتحادی ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 26 ویں ترمیم سے قبل ادارے ایک دوسرے کے آمنے سامنے تھے، ہم نے موجودہ صورتحال میں اپنا کردار ادا کیا اور ہمیں یقین دلایا تھا کہ ترمیم کے بعد ہمارے مسائل کی طرف توجہ دی جائے گی جن میں انفرا اسٹرکچر کے حوالے سے فنڈز اور منصوبوں کی رفتار تیز کرنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کا تعلق بڑی جماعتوں کے اقتدار کی رسہ کشی سے ہے اور یہ ترمیم ن لیگ اور پی پی کو سوٹ کرتی تھی لیکن پی ٹی آئی کو نہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ کے فور منصوبہ واٹر بورڈ کا ہے، وفاق نے یہ منصوبہ واپڈا کو دیا تھا جس پر صوبے نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، 15 سال سے کے فور منصوبہ شروع ہی نہیں ہوا تھا، اب وفاق کی زیر نگرانی ہے تو اب کام ہو رہا ہے، ہم چاہتے ہیں وزیراعظم کے فور کے حوالے سے کوئی خوشخبری دیں، ہم نے لوگوں کے لیے بھی تو ڈیلیور کرنا ہے۔
ان کاکہناتھاکہ بجلی کے بلوں کے معاملے پر ہمیں کہا گیا آئی پی پیز کو انگیج کیا جائے گا، نوٹیفکیشن ہوا کہ پی ڈبلیو ڈی ختم ہونے پر مںصوبے صوبائی کی تحویل میں چلے گئے، پی ڈبلیو ڈی نہیں کرے گا تو پی آئی ڈی سی آئی کر لے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں مصنوعی اکثریت لے کر کراچی کو کالونی بنا رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں جو حلقہ بندیاں ہوئیں سب کے سامنے ہے، پی پی کے اکثریتی علاقوں میں ان کا ووٹ بینک 15 سے 20 فیصد سے زیادہ نہیں، انہوں نے 20 فیصد کو کھینچ تان کر حلقے بڑھا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیپلز پارٹی کو ہی تو سر پر نہیں بٹھانا ، ہم بھی اتحادی ہیں، انہوں نے تو سمجھداری سے وزارتوں سے دور رہ کر آئینی عہدوں پر قبضہ کیا ہوا ہے۔