اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، جس کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی پر دباؤ ڈالنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ اراکین پر دباؤ اور چھاپوں کے تسلسل کی صورت میں ایوان میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے فوری جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ان واقعات کی تحقیقات کے بغیر انصاف ممکن نہیں۔
پارلیمانی پارٹی نے بانی تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور 26 نومبر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف اپنی قیادت اور شہداء کے ساتھ کھڑی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ بانی تحریک انصاف نے مثبت سوچ کے تحت مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے، تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
پارلیمانی پارٹی نے واضح کیا کہ ملکی مسائل کے حل اور ترقی کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا اور تحریک انصاف سیاسی استحکام کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہے۔









