بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیف جسٹس   نے ججوں کیلئے تالیاں بجانے سے روک دیا

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کہا ہے کہ ججوں کیلئے تالیاں نہ بجائی جائیں، تسلی سے انسان خراب ہوجاتا ہے۔
گھوٹکی بار سے خطاب کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ میں نے آپ سے جو بھی کمٹمنٹ کی ہیں، انہیں پورا کروں گا، بار ایسوسی ایشنز کے تحفظات جلد دور کیے جائیں۔
ان کاکہناتھا کہ عدلیہ کے تقدس کو ہرصورت برقرار رکھا جائے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے وکلا کے تمام مسائل سے آگاہ کیا ہے، مل کر تمام مسائل حل کرلیں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ججز تو ٹھیک ہوتے ہیں، آپ لوگ انہیں خراب کرتے ہیں، سندھ کا ضلع گھوٹکی صوبہ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع سے بہتر ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس کے دوردراز اضلاع کے دورے جاری ہیں، جسٹس یحییٰ آفریدی نے سندھ کے ضلع گھوٹکی کا دورہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججوں نے ملاقات کی، گھوٹکی اور دیگربارز کے نمائندوں نے بھی ان سے ملاقات کی۔
چیف جسٹس نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ پسماندہ اضلاع کے بارے میں فکر مند ہے، ہر سطح پر انصاف کی فراہمی ججوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع عدلیہ نظام انصاف کے بارے میں عوامی تاثر کو تشکیل دیتی ہے، ضلعی عدالتی نظام پر اعتماد پیدا کرنے یا ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت آنے والے سائلین کیساتھ انسانیت اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے، عدالتیں انصاف کے طلب گاروں کیلئے امید اور انصاف کی کرن ہیں۔
جسٹس آفریدی نے  کہا کہ عدالتی عملے کیلئے محفوظ و سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔
سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے وکلاء کی سہولت کیلئے ویڈیو لنک کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز دی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ وڈیولنک سے جغرافیائی رکاوٹوں کوختم کیا جائے گا، انصاف تک رسائی میں بہتری آئے گی۔
چیف جسٹس نے بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے تحفظات دور کیے، اور ان کے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔