بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لگتا نہیں ٹرمپ انتظامیہ عمران خان کیلئے کوئی خاص قدم اُٹھائے گی، حامد خان

پی ٹی آئی   کے سینیٹر اور معروف قانون دان حامد خان کا کہنا ہے کہ لگتا نہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئے کوئی خاص قدم اُٹھائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر حامد خان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے مفادات کے بغیر کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور لگتا نہیں کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کے کوئی خاص قدم اٹھائے گی۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ ابھی تک حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے پیشرفت نہیں ہوئی اور اعتماد کے بغیر مذاکرات کے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے، حکومت کو اعتماد بحال کرنے اقدامات اٹھانے چاہییں۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے مطالبہ کیا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں قید سیاسی قیدیوں کی رہائی پر بھی بات ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی ، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور یاسمین راشد بھی سیاسی قیدی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاملات بہتر بنانے کیلئے کوئی مثبت قدم نہیں اُٹھایا اور حکومت کی کوئی خاص حیثیت نہیں، بیک چینل معاملات کامیاب نہیں ہوتے، جو بھی ہونا ہے سامنے بات چیت کی بنیاد پر ہونا ہے۔
ان کاکہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لئے سول نافرمانی کی تحریک کو موخر کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ معاملات کو آئینی اور قانونی طریقے سے طے کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل چوہدری ( پی ٹی آئی کے وکیل ) کے بیان کو کوئی اہمیت نہیں دیتا ، پتہ نہیں وہ کون ہیں۔