بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت ، پی ٹی آئی  مذاکرات، سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان مزید مؤخر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے رواں ہفتے بریک تھرو ہونے کا امکان ہے۔
وی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے جس کے بعد سول نافرمانی کی تحریک کو مزید 10 روز کے لیے موخر کردیا گیا۔
رواں ہفتے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کردیا جائے گا، جس کے بعد پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز ہوجائے گا۔
پی ٹی آئی کو اس مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی یقین دہانی مقتدرہ کی جانب سے کروائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈیڑھ گھنٹے تک سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت سے متعلق عمران خان کو آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو آگاہ کیا کہ انہیں مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے سے متعلق یقین دہانی کروائی گئی ہے جو کہ رواں ہفتے ہی تشکیل دی جائے گی۔
عمران خان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مذاکرات کے باضابطہ آغاز تک سول نافرمانی کی تحریک کو مزید مؤخر کیا جائے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مقتدرہ کی مذاکرات سے متعلق سنجیدگی کو دیکھنے کے لیے سول نافرمانی کی تحریک کو مزید ایک ہفتے کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔