اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے عوام کی مشکلات کم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے لوگوں کو ادویات کی فراہمی ہمارا فرض ہے اور غذائی قلت کے مسئلے سے فوری طور پر نمٹنا ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاراچنار میں قیام امن صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشکل وقت میں پاراچنار کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی مدد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
کامران ٹیسوری نے بتایا کہ وہ پاراچنار جاکر جرگے کے ساتھ بیٹھ کر مسئلہ حل کرنے کو بھی تیار تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی تاکہ فریقین میں صلح کرانے کے لیے راہ ہموار ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام علما کے ساتھ کوہاٹ اور پاراچنار جاکر معاملہ حل کرانے کو تیار ہیں، اور امید ظاہر کی کہ فریقین کے درمیان معاملہ جلد طے پا جائے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے بھی گورنر سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی عہدے کو خدمت میں تبدیل کیا۔ انہوں نے گورنر سندھ کی جانب سے طلبا کو تعلیم اور غریبوں کو روزگار فراہم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔








