بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کرسمس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارکباد دی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہیں اپنے حلقہ انتخاب میں 70 ہزار مسیحی بہن بھائیوں کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور انتخابی مہم کے دوران انہیں مسیحی برادری کی جانب سے بے پناہ محبت اور تعاون ملا۔

انہوں نے مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان میں مسیحی برادری نے نمایاں کردار ادا کیا اور قومی پرچم میں سفید رنگ کی لاج ہمیشہ رکھی۔ وزیر اطلاعات نے مسیحی برادری کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مسیحی طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ اور اسکالر شپس فراہم کی گئیں تاکہ وہ تعلیم کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اطلاعات نے پیشہ ورانہ امور میں مسیحی برادری کے بھرپور کردار کو سراہا اور انہیں پاکستان کی ترقی کا ایک لازمی حصہ قرار دیا۔