اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی قیادت میں ایک پارلیمانی وفد نے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا مقدم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون، رابطہ کاری، اور علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاک-ایران بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے موزوں اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سہولیات کی فراہمی اور ایوان ہائے تجارت کے درمیان رابطے مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں تاجر برادری اور متعلقہ حکام سے سفارشات طلب کی جائیں گی تاکہ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے پاک-ایران مشترکہ ثقافتی، مذہبی، اور لسانی مماثلتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایران برادر اسلامی ملک ہے اور اس کے ساتھ دوستی پر ہمیں فخر ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ایرانی سفیر کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بارڈر ایریاز میں تجارت کے لیے سہولیات کی فراہمی اہم ہے۔
ملاقات میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ بھی شریک تھے، جنہوں نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تجاویز پیش کیں اور مناسب لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔









