اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے کی پیشرفت کے تحت گرفتار ملزمان کی تعداد 144 ہو گئی، جن میں 16 اشتہاری اور ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے نے کشتی حادثے میں ملوث افراد کے خلاف مجموعی طور پر 197 مقدمات درج کیے ہیں، جبکہ 55 ملزمان کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کیے جا چکے ہیں۔ انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کی گئی ہیں۔ انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مقیم 20 ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے شناختی کارڈز اور بینک اکاؤنٹس فوری بلاک کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر افسران کڑی نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرار نہ ہو سکے۔
ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کشتی حادثات میں ملوث سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔








