اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے وفاقی سیکرٹری اطلاعات محترمہ عمبرین جان نے ملاقات کی، جس میں وزارت اطلاعات کی کارکردگی، کام کے طریقہ کار، اور شعبہ ابلاغ عامہ کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے ڈپٹی چیئرمین کو وزارت کے نئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اور پاکستان کے نوجوان طبقے کو بہترین معلوماتی پروگرامز اور تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے مستفید کرنے کے لیے آگاہی مہم ترتیب دینے کی تجاویز پیش کیں۔
ملاقات میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ایوان بالا کے اجلاسوں کی براہ راست نشریات کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی وی کی ایوان بالا کی کوریج کے حوالے سے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی ہمارا قومی اثاثہ ہے، اور اس کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نے ہر دور میں عوام تک خبروں اور اہم معلومات کی فراہمی کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے۔ دور افتادہ علاقوں میں نشریاتی رسائی کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے تجویز دی کہ پی ٹی وی ماہرین کی معاونت سے ایسے پروگرام مرتب کیے جائیں جو ان علاقوں کے مسائل کو اجاگر کریں اور ان کے حل کے لیے آگاہی فراہم کریں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کی ثقافت اور علاقائی اقدار کو اجاگر کرنے میں پی ٹی وی کا تاریخی کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو ان اقدار اور روایات کے ساتھ جوڑنے کے لیے پی ٹی وی کو اپنا کردار مزید فعال کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا نیٹ ورک پاکستان کے طول و عرض میں پھیلا ہوا ہے اور اس کی بدولت دور افتادہ علاقوں تک نشریاتی رسائی انتہائی آسان ہو گئی ہے۔ ان علاقوں کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے پی ٹی وی کو معلوماتی پروگرامز کی تیاری میں مزید مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے پیش کردہ مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کے ذریعے عوام کو معلومات، تعلیم، اور تفریح فراہم کرنے کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے تاکہ ملک کے تمام طبقات کو ان کا فائدہ پہنچے۔








