اسلام آباد: وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے “اڑان پاکستان” ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان 2024-29 کے آغاز کو پاکستان کی معاشی ترقی کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا ۔
امیر مقام نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں “اڑان پاکستان” منصوبہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔ یہ منصوبہ “میڈ ان پاکستان” معاشی اصلاحات کا واضح روڈ میپ ہے، جس کے تحت اگلے تین سالوں میں پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جائے گا۔
ان کاکہناتھاکہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے، اور یہ منصوبہ سیاسی انتشار کے بجائے معاشی استحکام اور ترقی کے وژن پر مبنی ہے۔ “اڑان پاکستان” صرف ایک منصوبہ نہیں، بلکہ ایک قومی مشن ہے جو ہر پاکستانی کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ایجنڈے کے تحت زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی، توانائی، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پاکستان کو اب لانگ مارچ نہیں، بلکہ معیشت مارچ کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دے سکیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس منصوبے کو کامیاب بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایجنڈا نہ صرف معیشت کو مستحکم کرے گا بلکہ عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے خوشخبریاں بھی لے کر آئے گا
“اڑان پاکستان پروگرام معاشی ترقی کی جانب ایک قدم،امیرمقام








