راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے تین آپریشنز کے دوران 19 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کے علاقے متنی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں مؤثر کارروائی کے دوران 8 خوارج مارے گئے۔
علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند کے علاقے بازئی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع کرک میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 3 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرک میں جھڑپ کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر، اور نائیک محمد عثمان شامل ہیں، علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔