facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور چلڈرن اسپتال میں جلنے والے بچوں کے لیے ‘پیڈز برن سینٹر’ کے قیام کا فیصلہ

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کا جائزہ جاری ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن کی چھ ماہ کی کارکردگی پر اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل احمد اعوان، سیکرٹری آصف طفیل اور دیگر وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور چلڈرن اسپتال میں جلنے والے بچوں کے علاج کے لیے جدید ‘پیڈز برن سینٹر’ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی 69 اسکیموں میں 45 جاری اور 15 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔ اجلاس میں راولپنڈی میں برن یونٹ، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ہیڈ آفس، اور میڈیکل سٹیز کے قیام سمیت دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیچنگ اسپتالوں کی ماسٹر پلاننگ، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے قیام اور دیگر پراجیکٹس پر بریفنگز دی گئیں۔ اجلاس کے دوران یہ بتایا گیا کہ 31140 ملین روپے کے بجٹ میں سے 12770 ملین روپے منصوبوں پر خرچ کیے جا چکے ہیں۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے تاخیر کا شکار منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور عوام کی زندگیوں میں سہولت لانے پر زور دیا۔ انہوں نے ڈی جی خان اور مری میں 100 بیڈز کے مدر اینڈ چائلڈ اسپتالوں کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، کینسر اسپتالوں، کیتھ لیبارٹریز، اور پیٹ سکینز جیسے منصوبے عوام کی سہولت کے لیے اہم قرار دیے گئے۔ سابقہ ادوار کے تعطل کا شکار منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

سینئر وزیر نے شفافیت یقینی بنانے اور صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صحت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔