اسلام آباد میں 3 روزہ اوورسیز کنونشن کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس کنونشن میں دنیا بھر سے 1500 کے قریب اوورسیز پاکستانی شریک ہیں، کنونشن کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہنا ہے۔
کنونشن کے پہلے دن اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں، کوئی غیرملکی آکر ہمارے لوگوں کی تعریف کرتا ہے تو ہمارا دل بڑا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ چاہتے ہیں تو اپنی جماعتوں سے بات کریں کہ دوہری شہریت رکھنے والوں کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہیے، اس پر بحث ہونی چاہیے۔ اس پر بھی بات ہوچکی ہے کہ ان کے لیے مخصوص سیٹیں ہونی چاہئیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ جو ہماری ایکسپورٹس ہیں ان سے زیادہ پیسہ آپ بھیجتے ہیں، ترسیلات زر بھیجنے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آن لائن سہولیات فراہم کرنی چاہئیں تاکہ انہیں سفارتخانوں کے چکر نہ لگانے پڑے، بعض سفارتخانوں پر بہت بوجھ ہیں مگر اوورسیز پاکستانیوں کو وہاں عزت ملنی چاہئیں۔
اس موقع پر ملائشیا میں پاکستان کے سفیر احسن رضا شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ملائشیا میں 2لاکھ 30 ہزار پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ملائشیا نوجوانوں کے روزگار کے لیے بہترین ملک ہے۔
انہوں نے تمام اداروں سے کہا کہ اس کنونشن میں دی جانے والی تجاویز پر بحث کرکے ان پر عمل درآمد یقینی بنائی جائیں، ہمیں انہیں ہر سہولت دی جانے چاہئیں اور کابینہ میں ان پر غور ہونا چاہیے۔
احسن رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ سیاح ملائشیا سے آرہے ہیں، ملائشیا میں پاکستانیوں کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، طارق فضل چوہدری، چوہدری سالک حسین، بلال اظہر کیانی، عون چوہدری، گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن قمر رضا سمیت اہم شخصیات بھی کنونشن میں شریک ہیں۔
کنونشن میں مہمانوں کی ایس آئی ایف سی، وزارت خارجہ، وزارت تجارت، نادرا، او پی ایف ،اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کی سائیڈ میٹنگز ہوں گی جن میں اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظات اور تجاویز سنی جائیں گی۔
اس کنونشن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے اور مہمانوں سے خطاب کریں گے۔