بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وکرانت میسی کے مہنگے ترین کپڑوں کے شوق نے اہلیہ کو ہلا ڈالا

کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اور ٹیلی ویژن کی دنیا سے فلموں میں قدم رکھنے والے بالی وڈ کے خوبرو اداکار وکرانت میسی کے مہنگے ترین کپڑوں کے شوق نے انکی اہلیہ جو بھی حیران کردیا۔

وکرانت ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’آنکھوں کی گستاخیاں’ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں وہ سانیہ ملہوترا کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔ لیکن اس سے قبل وہ مختلف  انٹرویوز کا بھی حصہ بنے نظر آرہے ہیں۔

حال ہی میں اداکار وکرا نت نے اداکارہ ریا چکرورتی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مداحوں سے اپنی نجی زندگی اور پروفیشنل لائف دونوں پر کھل کر بات کی۔

اس گفتگو کے دوران انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کیا جب وہ ٹی وی سے فلموں کی طرف بڑھ رہے تھے اور  اس وقت وہ ٹی وی سے ’ماہانہ 35 لاکھ روپے’ کماتے تھے، مگر انہوں نے بالی وڈ میں کام کرنے کے لیے وہ سب  کچھ چھوڑ دیا۔

یہاں تک کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ مہنگے برانڈڈ کپڑےپہنتے تھے، اور 60 ہزار روپے کے کپڑے خریدنا ان کے لیے عام بات تھی لیکن انکی اہلیہ نے انہیں احساس دلایا کہ ان پیسوں میں انکے گھر کا پورا خرچہ نکالا جاسکتا ہے۔

اپنے اس مہنگے ترین شوق کا ذکر کرتے ہوئے حالیہ انٹرویو میں وکرانت میسی بتاتے ہیں کہ جب وہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھ رہے تھے تو انہیں بھی دوسروں کی طرح نظر آنے کا شوق تھا تاکہ وہ بھی دیگر فنکاروں کی طرح پاپارازیوں کی نظروں میں رہیں۔

اور یہی وجہ تھی کہ وہ صرف  فوٹو کھنچوانے کے لیے ڈیزائنر کپڑے پہنتے اور پارٹیز میں شرکت کرتے تھے، اور اس مقصد کے لیے انہوں نے کپڑے کرائے پر لینا بھی شروع کر دیے تھے، جو بے حد مہنگے ہوتے تھے۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ،‘یہ اس وقت کی بات ہے جب میں اپنی اہلیہ کو گرل فرینڈ مانتا تھا تو انہوں نے میرے شوق کو دیکھ کر مجھ سے آخر کار کہہ ہی ڈالا کہ آخر تم 50 سے 60 ہزار روپے ایک دن کے ایونٹ کیلئے کیوں خرچ رہے ہو اتنے پیسوں میں تو ہمارا مہینے بھر کا خرچہ نکل جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان مہنگے ملبوسات کو پہننے کے باوجود بھی میں  خود کو کبھی مکمل یا مطمئن محسوس نہیں کرتا تھا اور  مسلسل اسی فکر میں رہتا تھا کہ کہیں کپڑے خراب نہ ہو جائیں کیونکہ انہیں وہ ڈیزائنر کو واپس کرنے ہوتے تھے۔

مزید برآں اسی انٹرویو میں اداکار نے یہ بھی بتایا کہ وہ صرف سائیڈ رولز کے لیے ہی موزوں ہیں، وہ بتاتے ہیں کہ ہندی فلم انڈسٹری میں ٹی وی سے آنے والے اداکاروں کو اکثر کمتر سمجھا جاتا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں کسی نے ان سے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ،’تمہیں تو صرف فلموں میں ہیرو کے دوست جیسے سائیڈ رولز ہی ملیں گے۔’

یاد رہے کہ اسی پوڈکاسٹ میں وکرا نت نے اپنے خاندان کی ڈائیورسٹی کا بھی ذکر کیا جہاں انوں نے بتایا کہ ان کے والد مسیح، والدہ سکھ اور بھائی نے 17 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا۔

تاہم اپنے بارے میں بتاتے ہوئے وکرانت کا کہنا تھا کہ وہ خود کسی خاص مذہب کو نہیں مانتے مگر خدا پر گہرا ایمان رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار وکرا نت میسی نے 2022 میں شیتل ٹھاکر سے شادی کی اور فروری 2024 میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کے بعد وکرانت نے فلموں سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تاکہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار سکیں۔