بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

طارق چیمہ نے خاندان میں پھوٹ ڈالی،چودھری وجاہت کانئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ق )کے رہنما چودھری وجاہت حسین نے کہا ہے کہ طارق بشیر چیمہ نے ان کے خاندان کو تقسیم کردیا ہے، چوہدری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہیں، ہم نئی سیاسی جماعت بنائیں گے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کےمطابق چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ چودھری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں، انہیں ان کے بیٹوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، انہیں ان کی اولاد خراب کر رہی ہے، پانچ ماہ تک دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کرتے رہے، چودھری شجاعت نے کہا عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویز الہٰی ایک تھے اور ایک ہیں۔

.کیا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی آگے ہے جبکہ دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے
انہوں نے کہا کہ چودھری ظہور الہٰی خاندان کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی، چودھری شجاعت کے گھر کبھی زرداری کبھی شہباز شریف اور کبھی مولانا پہنچ جاتے ہیں،طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا ۔جو ہمارے حلقوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں،ہم مخالفین کادلیری سے مقابلہ کریں گے واپسی کاکوئی راستہ نہیں ہے۔
چودھری وجاہت کا کہنا تھا کہ افسوس ہے شجاعت حسین کابیٹا زرداری سے ڈالرمانگ رہا ہے، زرداری جتنے پیسے بانٹتا پھر رہا ہے اتنی تو چوہدری شجاعت خیرات دیا کرتے ہیں۔ سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا ، پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار عمران مسعود ہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو جب تک ٹیک دینے والےاور باہر کی قوتیں ساتھ ہیں یہ چلیں گے، الیکشن کسی وقت بھی متوقع ہے، عوام کی رائے سے کوئی لا علم نہیں، ہم نئی جماعت بنائیں گے ۔
چودھری وجاہت کا مزید کہنا تھا کہ جونیجو دور سے لے کئی سالوں تک نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا ، نوازشریف جب جدہ گئے تب ساتھ چھوڑا، مشرف کا ساتھ اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے۔