بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گاڑی ڈوبنے لگے تو کیا کیاجائے؟ گائیڈلائنزجاری

دریاؤں، ندی نالوں یا بارش کے باعث آنے والے سیلاب کی صورتحال میں گاڑیوں کے پانی میں پھنسنے یا بہہ جانے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ ایسے نازک وقت میں آپ کا فوری اور درست ردِعمل آپ کی جان بچا سکتا ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے جانب سے جاری احتیاطی تدابیر کے مطابق اکثر لوگ ایسے وقت میں گھبرا کر دروازہ کھولنے کی کوشش کرتے ہیں، جو کہ ایک خطرناک غلطی ہوتی ہے۔ کیونکہ گاڑی کے باہر پانی کا دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے، اس لیے دروازہ کھولنا نہایت مشکل ہوتا ہے، اور اگر دروازہ کھل بھی جائے تو پانی تیزی سے اندر داخل ہو کر گاڑی کو فوراً ڈبو سکتا ہے۔
جب گاڑی پانی میں داخل ہو جائے یا بہاؤ کی زد میں آ جائے تو سب سے اہم قدم یہ ہے کہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔ گہری سانس لیں اور فوری طور پر حالات کا جائزہ لیں۔
اکثر لوگ فوری طور پر دروازہ کھولنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن یہ بڑی غلطی ہے۔ پانی کے دباؤ کی وجہ سے دروازہ کھولنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔
اگر دروازہ کسی طرح کھل بھی جائے تو پانی اندر تیزی سے داخل ہو گا، جس سے گاڑی فوراً ڈوب سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، بہتا پانی دروازے کھلنے سے گاڑی کو مزید بہا سکتا ہے۔

گاڑی کے شیشے بجلی سے چلتے ہیں، اور حادثے کے فوراً بعد بیٹری کچھ وقت تک کام کرتی ہے۔  فوراً اپنا شیشہ نیچے کریں اور باہر نکلیں۔اگر گاڑی میں بچے یا بزرگ موجود ہیں، تو ان کو ترجیح دیں اگر بجلی بند ہو چکی ہے یا شیشہ جام ہو گیا ہے تو سیٹ کے پیچھے لگا ہیڈ ریسٹ نکالیں۔

ہیڈ ریسٹ کی دھات والی سلاخوں سے پچھلا شیشہ توڑیں، کیونکہ وہ نسبتاً کمزور ہوتا ہے۔
اگلا شیشہ توڑنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ وہ اکثر مضبوط حفاظتی گلاس ہوتا ہے۔
گاڑی کا اگلا حصہ انجن کی وجہ سے بھاری ہوتا ہے اور وہ سب سے پہلے پانی میں ڈوبتا ہے۔ پچھلا حصہ کچھ دیر تک پانی کی سطح پر تیرتا رہتا ہے – یہی موقع ہوتا ہے باہر نکلنے کا۔
گاڑی سے نکلنے کے بعد پانی کی سطح پر تیرنے کی کوشش کریں، تیرنا آتا ہے تو فوراً کنارے کی طرف جائیں۔ اگر پانی کا بہاؤ تیز ہو تو اس کے ساتھ نہ بہیں بلکہ کنارہ تلاش کریں۔
جیسے ہی محفوظ جگہ پہنچیں، ہنگامی مدد کے لیے کال کریں (ریسکیو 1122 یا موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130)۔