وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چینی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس کے دوران واضح ہدایات جاری کیں کہ چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو ایکس مل اور 173 روپے فی کلو ریٹیل سطح پر سختی سے برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے دوٹوک انداز میں کہا، “کسی کو بھی عوام کے معاشی استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔” انہوں نے واضح کیا کہ حکومت مہنگائی کے خلاف بلاامتیاز اقدامات جاری رکھے گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس میں حکام نے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے بھی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت چینی کے معاملے پر اہم اجلاس، قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت








