بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان جیل میں وکلا سے کیا باتیں کرتے ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد جیل میں قید کیا گیا ہے، جہاں پارٹی کے رہنما وقتاً فوقتاً ان سے ملاقات کرتے ہیں اور ان کے پیغامات عوام تک پہنچاتے ہیں۔

عمران خان کے ایک وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ جیل میں عمران خان نے ورزش کے لیے ڈمبل منگوائے تھے اور بعد میں ایک ملاقات کے دوران مسکراتے ہوئے کہا: “میرے ڈولے چیک کرو۔”

یہ انکشاف صحافی اجمل جامی نے کیا، جنہوں نے بتایا کہ ان کی ایک ایسے وکیل سے ملاقات ہوئی جسے جیل میں عمران خان سے کئی بار ملاقات کی اجازت ملی۔ اجمل جامی کے مطابق، انہوں نے وکیل سے پوچھا کہ عمران خان جیل میں کس موڈ میں وقت گزار رہے ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ عمران خان نے سب سے پہلے جیل میں 5 کلو کے ڈمبل منگوائے۔ ان ڈمبلز سے انہوں نے چند دن ورزش کی۔

بعد میں ایک اور ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ 5 کلو کافی نہیں، اب 10 کلو کے ڈمبل چاہییں۔ ان کی درخواست پر انہیں 10 کلو کے ڈمبل دے دیے گئے۔ اگلی ملاقات میں عمران خان ٹی شرٹ اور ٹراؤزر میں ملبوس تھے، جیسے ابھی ورزش سے فارغ ہوئے ہوں۔ انہوں نے وکیل سے کہا: “دیکھیں، دس کلو کے ڈمبل سے ورزش کا کیا اثر ہوا ہے، ڈولے دیکھے آپ نے؟”

واضح رہے کہ عمران خان کو 5 اگست 2023 کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، اور بعد ازاں دیگر مقدمات میں بھی انہیں 10، 10 سال کی سزائیں دی گئیں۔

اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق، عمران خان کو جیل میں بی کلاس قیدی کے طور پر تمام قانونی سہولیات حاصل ہیں، جن میں خوراک، صحت کی دیکھ بھال، کتابوں اور اخبارات کا مطالعہ، ورزش اور چہل قدمی شامل ہیں۔