پیرس: فرانس نے نصف صدی سے اخبار فروخت کرنے والے پاکستانی شہری کو اپنے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کردیا۔
73 سالہ علی اکبر کا تعلق راولپنڈی سے ہے، وہ 1973 سے پیرس کے معروف اور فیشن ایبل علاقے لاطینی کوارٹرمیں سڑکوں، ریستورانوں اور دیگر مقامات پر اخبارات بیچ رہے ہیں۔
ٹی وی اور انٹرنیٹ کے باعث جب اخبارات کی مانگ میں کمی واقع ہوئی تو انہوں نے اخبارکی فروخت کےلئے مزاج کا سہارا لیا۔
ستمبرمیں فرانسیسی صدر علی اکبر کوایوارڈ سے نوازیں گے
فرانسیسی حکومت کی جانب سے ان کی طویل خدمات، محنت اور کمیونٹی سے وابستگی کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔ ستمبرمیں فرانسیسی صدرایمانوئیل میکخوال علی اکبر کو دی نیشنل آرڈرآف میرٹ سے نوازیں گے۔یہ ایک ایساانعام ہے جو فرانسیسی حکومت کی جانب سے ملک کےلئے سول یافوجی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیاجاتاہے۔
علی اکبرکیاکہتے ہیں
علی اکبرکاکہناہے کہ میرا اخباربیچنے کا ایک خاص طریقہ ہے،میں کوشش کرتاہوں کہ کوئی مذاق کروں تاکہ لوگ ہنسیں۔میں مثبت رہنے کی کوشش کرتاہوں اور ایک خاص ماحول بناتاہوں،اسے ہم زندگی کی خوشی کہتے ہیں۔
ان کاکہناہے کہ میں لوگوں کی جیبوں کی بجائے ان کے دل میں جگہ بنانے کی کوشش کرتاہوں،میں لوگوں کوہنساتاہوں ،انہیں خوش رکھتاہوں۔









