کراچی (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر 9 اگست کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
سندھ کے سیکریٹری ثقافت محمد خان کے مطابق حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 282ویں سالانہ عرس کی تقریبات ہفتے سے شروع ہوں گی جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر ثقافت نے عرس کی افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کو مدعو کیا ہے۔ معاملات کوعرس کے دوران احسن طریقے سے چلانے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر حیدرآباد میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ان کا عرس ہر سال اسلامی مہینے صفر کی 14 تاریخ کو منایا جاتا ہے جس میں صوبہ بھر سے ہزاروں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔ تین روزہ تقریبات میں دعائیں، صوفی موسیقی، ادبی نشستیں اور بھٹ شاہ میں ان کے مزار پر ہونے والی ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بھٹ شاہ کے دیرپا اثرات کے اعتراف میں 2017 میں بھٹ شاہ کا 16 فٹ اونچا مجسمہ بھی نصب کیا گیا تھا۔








