پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی چوہدری نعیم اعجاز کے گھر گزشتہ رات سی سی ڈی پولیس نے چھاپہ مارا، جس پر انہوں نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چھاپے کے وقت چوہدری نعیم اعجاز اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گھر سے باہر موجود تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی اہلکاروں نے گھر میں داخل ہو کر نہ صرف توڑ پھوڑ کی، بلکہ مبینہ طور پر 5 کروڑ روپے کی نقد رقم بھی لے گئے۔
چوہدری نعیم نے مزید دعویٰ کیا کہ اہلکاروں نے گھر میں موجود تین ملازمین کو حراست میں لے لیا، جبکہ لوٹ مار اور بدسلوکی کا بھی الزام لگایا۔
رکن اسمبلی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پراپرٹی کا کاروبار ہے اور وہ زمینوں کی خرید و فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے چھاپے سے متعلق تمام تفصیلات پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کی صورت میں جمع کرا دی ہیں۔
واقعے پر تاحال سی سی ڈی یا متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔









