وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، امن و امان، ضمنی انتخابات اور مسلم لیگ (ن) و پیپلز پارٹی کے درمیان جاری اتحادی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد میں سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری بھی شامل تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے ان کے کزن میاں شاہد شفیع کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت و اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے جاوید شفیع سے بھی فون پر رابطہ کر کے اظہار افسوس کیا۔
ملاقات کے دوران سیاسی و پارلیمانی معاملات اور پی ٹی آئی کی خالی نشستوں پر متوقع ضمنی انتخابات پر مشاورت کی گئی، جبکہ اتحادی حکومت کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم سے ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے غذائی تحفظ ملک رشید احمد صدیقی، وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عبدالرحمان کانجو، رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی شریک تھے۔
وزیراعظم سے بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں کیا طے پایا؟ اعلامیہ سامنے آگیا








