دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان بھارت کی دیرینہ عادت کا عکاس ہے، جس میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کرتا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کا مبینہ ایٹمی بلیک میل کا بیانیہ گمراہ کن اور خود ساختہ دعویٰ ہے۔ پاکستان طاقت کے استعمال یا دھمکی دینے کی پالیسی کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جس کا جامع کمانڈ اور کنٹرول نظام مکمل طور پر سول نگرانی میں کام کرتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ان اہم معاملات میں نظم و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم کی گئی ہیں اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات حقیقت سے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔









