بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کے خلاف پاکستانی میزائلوں کی کامیابی نے امریکی میزائل پروگرام کو تیز کردیا

کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فضائیہ نے چین کے تیار کردہ جدید پی ایل-15  میزائل کا کامیاب استعمال کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو 100 میل کی دوری سے نشانہ بنایا۔ اس آپریشن کے دوران پاکستانی جیٹ طیارے مکمل طور پر محفوظ رہے اور دشمن کے جوابی حملے سے بچ نکلے۔

اس کامیاب تجربے نے دنیا بھر میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی اہمیت کو اجاگر کر دیا اور امریکہ کو اپنی فضائی برتری برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات پر مجبور کر دیا۔

پینٹاگون کی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چین نے پی ایل-17 (PL-17) میزائل کو عملی طور پر فعال کر دیا ہے جو 400 کلومیٹر (248 میل) تک کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کے اس اقدام نے خطے میں طاقت کا توازن بدل ڈالا، جس پر امریکہ نے لاک ہیڈ مارٹن کے تیار کردہ ای آئی ایم-260 “جوائنٹ ایڈوانسڈ ٹیکٹیکل میزائل” کی تیاری کے لیے 2026 کے بجٹ میں ایک ارب ڈالر سے زائد فنڈنگ کی درخواست دی ہے۔

یہ نیا میزائل ایف-22 اور ایف-35 جیسے جدید امریکی جنگی طیاروں کے ساتھ ساتھ ایف-16، ایف-15 اور مستقبل کے ڈرونز پر بھی نصب کیا جا سکے گا۔ امریکی ایئر فورس کا کہنا ہے کہ “پاکستان اور چین جیسے ممالک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کے پیشِ نظر ایک نیا اور طاقتور میزائل ہماری فضائی برتری کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔”

دستاویزات کے مطابق، صرف امریکی ایئر فورس نے اس پروگرام کے لیے 668 ملین ڈالر جبکہ نیوی نے 301 ملین ڈالر کی فنڈنگ کی درخواست کی ہے۔ یہ میزائل پرانے ای آئی ایم-120 ای ایم آر اے ایم کی جگہ لے گا، جو 1993 سے امریکی فوج کے زیر استعمال ہے۔