دوحہ (ویب ڈیسک) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں وزرائے خارجہ کا اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوں گے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے بتایا کہ اجلاس میں خلیجی ریاست پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد کے مسودے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا، جسے کل ہونے والے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس بزدلانہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں قطر کے ساتھ عرب و اسلامی دنیا کی یکجہتی کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کل (15 ستمبر) کو دوحہ میں ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان دوحہ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ اجلاس میں عرب وزرائے خارجہ کے ہمراہ شریک ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان قطر سمیت خطے کے دیگر ممالک پر اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے اور قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ایک ہفتے کے دوران دوسری بار قطر کا دورہ کریں گے۔









