اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ۔خط پارلیمانی لیڈر خالد حسن مگسی کی طرف سے لکھا گیا ہے ۔خط میں چیئرمین نیب کیلئے دو نام وزیراعظم کو بھجواگئے ہیں ۔بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) احمد خان لاشاری، اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) غلام اعظم قمبرانی کے نام شامل ہیں ۔ خالد مگسی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ کی کامیابی اور آپ کی قیادت میں نئی حکومت کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہماری پارٹی حکومت کو درپیش متعدد مشکلات کے باوجود ایک مضبوط اتحادی کے طور پر کھڑی ہے۔ دونوں نامزد افراد قانونی پریکٹس، پراسیکیوشن اور اعلیٰ عدلیہ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔خالد مگسی نے مزید کہا کہ وہ نہ صرف قانونی برادری بلکہ معاشرے کے دیگر طبقات میں بھی عزت اور اچھی ساکھ رکھتے ہیں ۔ ہماری پارٹی سمجھتی ہے کہ یہ دونوں شخصیات چیئرمین نیب کے عہدے کیلئے موزوں ہیں اس عہدے پر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی نامزدگیوں پر مثبت غور کیا جائے گا۔
چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر خالد مگسی کا وزیراعظم کو خط، دو نام بھجوادیئے








