بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ کا بڑا قدم: ٹک ٹاک کی امریکی فروخت کا ایگزیکٹو آرڈر جاری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بالآخر شارٹ ویڈیو ایپ’’ ٹک ٹاک‘‘ کے امریکی آپریشنز کو فروخت کرنے کے لیے ’’ایگزیکٹو آرڈر‘‘ پر دستخط کر دیے ہیں، جس سے امریکا اور چین کے درمیان ڈیجیٹل جنگ میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق 25 ستمبر 2025 کو جاری کردہ اس حکم کے تحت ٹک ٹاک کو کسی امریکی کمپنی یا فرد کو فروخت کیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ 2024 میں نافذ ہونے والے اُس قانون کی روشنی میں کیا گیا ہے جس کے تحت چینی ایپس کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔
امریکی نائب صدر کے مطابق، ٹک ٹاک کی امریکی آپریشنز کی متوقع فروخت قیمت 14 ارب ڈالر ہوگی، جبکہ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ قیمت حقیقت میں 40 سے 45 ارب ڈالر تک ہونی چاہیے تھی۔ سرمایہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ قدر دانستہ طور پر کم رکھی گئی ہے۔
ابھی تک باضابطہ طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو کون سنبھالے گا، تاہم اطلاعات ہیں کہ معروف امریکی کمپنی اوریکل (Oracle) اس دوڑ میں سب سے آگے ہے۔
یاد رہے کہ 2024 میں امریکی قانون کے تحت ٹک ٹاک کو19 جنوری 2025 تک اپنے امریکی اثاثے فروخت کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا، تاہم معاہدہ طے نہ پانے پر ٹرمپ نے کئی بار اس کی مدت میں توسیع کی۔ اب 16 دسمبر کی نئی ڈیڈ لائن سے قبل اس فروخت کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ چینی حکومت نے تاحال اس پیش رفت پر کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا۔