بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران بھی پاک،سعودی دفاعی معاہدے میں شامل ہو جائے تو بہتر ہوگا،رحیم صفوی

ایران کی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر اور سپریم لیڈر کے مشیرمیجر جنرل رحیم صفوی نےپاکستان اور سعودی عرب کے حالیہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران بھی اس اتحاد کا حصہ بن جائے تو یہ خطے کے لیے بہت مفید ہوگا۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مشترکہ چیلنجز کا سامنا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات بتا رہے ہیں کہ امریکا کا اثر و رسوخ خطے میں کم ہو رہا ہے اور وہ اپنی توجہ اب ایشیا پیسیفک کی طرف منتقل کر رہا ہے۔
رحیم صفوی نے تجویز دی کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم ممالک ایک علاقائی اسلامی سکیورٹی بلاک کے قیام پر سنجیدگی سے غور کریں تاکہ نہ صرف خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے بلکہ خودمختاری کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں پاکستان اور سعودی عرب نے ایک اہم دفاعی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس معاہدے کے بعد کئی دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ اسی نوعیت کے دفاعی معاہدوں میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔