اب تک آپ نے جسم کے مختلف حصوں—جیسے بازو، گردن یا کمر—پر ٹیٹوز بنوانے کا رجحان ضرور دیکھا یا سنا ہوگا، لیکن کیا کبھی یہ تصور کیا کہ لوگ اپنےدانتوں پر بھی ٹیٹو بنوا رہے ہیں؟
جی ہاں، چین میں نوجوانوں کے درمیان ’’ٹوتھ ٹیٹو‘‘ کا نیا فیشن تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ یہ ٹیٹوز براہِ راست دانتوں پر نہیں بلکہ تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیے گئے ڈینٹل کراؤنز یا ٹوتھ کیپس پر بنائے جاتے ہیں، جنہیں بعد میں دانتوں پر چڑھا دیا جاتا ہے۔
ان منفرد کراؤنز پر نوجوان اپنے رومانوی پیغامات، محبوب کے نام، خوش قسمتی کے نمبر، اور حتیٰ کہ جملے جیسے’’پیسہ کماؤ‘‘ یا ’’مقصد حاصل کرو‘‘ بھی کندہ کروا رہے ہیں۔ یعنی یہ دانت اب صرف چبانے کے کام نہیں آتے بلکہ جذبات کے اظہار کا نیا ذریعہ بن چکے ہیں!
ان تھری ڈی پرنٹڈ کیپس کو چین کے کئی ڈینٹل کلینکس میں خاص ایرو اسپیس میٹیریلز سے تیار کیا جا رہا ہے، جن کی قیمت تقریباً 2000 یوآن (280 امریکی ڈالر) تک ہے۔ تاہم، اس ٹرینڈ کی بڑھتی مقبولیت دیکھتے ہوئے کچھ ڈینٹل کلینکس اسے مفت میں بھی فراہم کر رہے ہیں تاکہ نوجوان صارفین کو متوجہ کیا جا سکے۔
اگرچہ یہ فیشن نوجوانوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، مگرڈینٹل ماہرین اسے دانتوں کی صحت کیلئے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں۔ شنگھائی کے ایک معروف دندان ساز کے مطابق، ڈینٹل کراؤن پر کسی بھی قسم کا ڈیزائن یا تحریر کندہ کروانا اُس کی ساخت اور مضبوطی کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے طویل مدتی اثرات منفی ہو سکتے ہیں۔
چینی نوجوانوں میں — ’’ٹوتھ ٹیٹو‘‘ کا نیا فیشن








