تل ابیب: اسرائیل کے دائیں بازو کے انتہا پسند وزیر برائے قومی سلامتی اتمر بن گویر نے اتوار کے روز اس جیل کے سخت حالات پر ’فخر‘ کا اظہار کیا جہاں غزہ جانے والے عالمی صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کو قید رکھا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق بن گویر نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے اتوار کو کیتسعیوت جیل کا دورہ کیا، جہاں اسرائیل فلسطینی قیدیوں کو بھی قید رکھتا ہے۔
بن گویر نے کہا، ’میں کیتسعیوت جیل گیا اور مجھے فخر ہے کہ ہم ان ‘فلوٹیلا کارکنوں’ کے ساتھ دہشت گردوں کے حامیوں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔ جو کوئی دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے، وہ خود دہشت گرد ہے اور اسی طرح کے حالات کا مستحق ہے‘۔
اتمر بن گویرنے مزید کہا کہ ’انہیں [فلوٹیلا کارکنوں کو] کیتزیعوت جیل کے حالات کا تجربہ ہونے دیں تاکہ وہ دوبارہ اسرائیل کے قریب آنے سے پہلے دو بار سوچیں‘۔
اس سے قبل بن گویر کو ایک ویڈیو میں فلوٹیلا کارکنوں کا مذاق اڑاتے اور انہیں ’دہشت گرد‘ قرار دیتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا۔
انتہا پسند اسرائیلی وزیر کا فلوٹیلا کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک پر ’فخر‘ کا اظہار








