غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے 24 گھنٹے بھی مکمل نہ ہوئے کہ اسرائیلی افواج نے دوبارہ کارروائیاں شروع کر دیں، جن میں مزید چھ فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے علاقے شجاعیہ میں فائرنگ کی۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ ایک روز کے دوران 44 لاشیں اسپتالوں میں لائی گئیں جبکہ 29 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ 38 لاشیں ملبے کے نیچے سے برآمد ہوئیں، جب کہ کئی افراد اب بھی ملبے اور تباہ شدہ عمارتوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں۔
وزارت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 67 ہزار 913 اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 134 ہو گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فضائی اور زمینی کارروائیاں مختلف علاقوں میں رات گئے تک جاری رہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خان یونس میں اسرائیل ڈرون کے حملے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کا غزہ میں ڈرون حملہ: کئی ہلاکتوں کی اطلاعات








