بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جلد آپ جان سکیں گے کہ ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ کس ملک سے ہے

اگر آپ بھی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اسکرولنگ کرتے ہوئے یہ سوچتے ہیں کہ ہر وقت سیاست یا متنازع موضوعات پر بات کرنے والے اکاؤنٹس دراصل کہاں سے تعلق رکھتے ہیں، تو اب اس سوال کا جواب آپ کو ملنے والا ہے۔
ایلون مسک کی زیرِ ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت صارفین کو یہ معلومات دستیاب ہوں گی کہ کسی اکاؤنٹ کا تعلق کس ملک سے ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دکھایا جائے گا کہ یوزرنیم کب تبدیل کیا گیا۔
ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ نکیتا بیر (Nikita Bier) کے مطابق، کمپنی اس فیچر کو آزمائشی طور پر متعارف کروا رہی ہے، تاکہ جعلی اکاؤنٹس اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب آپ ایکس پر کوئی پوسٹ پڑھتے ہیں تو ضروری ہے کہ آپ اس کے پیچھے موجود ذریعہ اور اس کی سچائی کو جان سکیں۔ خاص طور پر اہم موضوعات پر حقائق کی جانچ بہت اہم ہے۔
یہ نیا فیچر آئندہ چند دنوں میں کمپنی کے اندرونی حلقوں میں ٹیسٹ کیا جائے گا، اور امکان ہے کہ جلد ہی صارفین کو بھی دستیاب ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹاگرام میں بھی کچھ حد تک ایسا ہی ایک فیچر موجود ہے، تاہم وہاں لوکیشن ظاہر کرنا اختیاری (optional) ہے۔ نکیتا بیر نے اشارہ دیا ہے کہ ایکس پر بھی صارفین کو لوکیشن چھپانے کی اجازت دی جائے گی، لیکن اگر کوئی صارف اپنی لوکیشن چھپائے گا، تو ایپ اس کی پروفائل پر اس کا اشارہ ضرور دے گی۔