بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین کا پاک افغان جنگ بندی پر خیرمقدم، دیرپا امن کے لیے تعاون کی پیشکش

چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ہمیشہ سے تعمیری کردار ادا کرتا آیا ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
بیان میں چین نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل، مکمل جنگ بندی اور دیرپا امن کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (UNAMA) کی جانب سے بھی بیان سامنے آیا ہے، جس میں دونوں ممالک سےشہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینے اورلڑائی کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان گزشتہ روز شروع ہونے والی 48 گھنٹوں کی جنگ بندی پر عملدرآمد جاری ہے، اور یہ جنگ بندی کل شام تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس عارضی امن کی فضا اس وقت قائم ہوئی جب گزشتہ روز پاکستان نے افغانستان میں موجود طالبان اور فتنہ الخوارج کے مخصوص ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں، جن میں کئی اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ان کارروائیوں کے بعد افغان طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست سامنے آئی، جس پر پاکستان نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کا راستہ اختیار کیا۔
چین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سلامتی اور استحکام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، اور عالمی برادری کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا پاکستان اور افغانستان اس جنگ بندی کودیرپا امن میں تبدیل کر پائیں گے یا نہیں۔