وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان کے لیے واضح پیغام یہ ہے کہ پالیسی صرف عمران خان کی رہنمائی میں ہوگی۔
سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سے بانی نے مجھے نامزد کیا، کچھ حلقوں نے کہا کہ میں قبول نہیں ہوں، لیکن میں لوگوں کی باتوں سے نہیں، بلکہ عوام کی رائے سے خود کو قبول سمجھتا ہوں۔ اُن کے مطابق تبدیلی صرف آنے والی نہیں بلکہ اب حقیقی معنوں میں آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا پر تنقید بھی کی اور کہا کہ کچھ حلقوں نے پریس کانفرنس کے ذریعے انہیں دہشت گرد بنانے کی کوشش کی اور کہا کہ میرے پاس تجربہ نہیں ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق ایجوکیشن اور ہیلتھ کے شعبوں میں کام جاری رہے گا۔
سہیل آفریدی نے زور دیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق کام کریں گے اور قوم کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پالیسی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی سے ملاقات کے لیے تمام آئینی و قانونی راستے اپنائے جا رہے ہیں، مگر ابھی ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔
سہیل آفریدی کا قوم کو پیغام: پالیسی صرف عمران خان کی ہوگی








