بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی حکام کی موثر نگرانی سے منشیات کی بڑی سمگلنگ ناکام

سعودی حکام کی پیشگی اور موثر نگرانی کی بدولت ایک بڑی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سعودی خبررساں ادارے (ایس پی اے) کے مطابق وزارتِ داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر طلال بن عبدالمحسن الشلھوب نے بتایا کہ مجرمانہ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کی گئی پیشگی سکیورٹی نگرانی کے نتیجے میں یہ کارروائی ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف نارکاٹکس کنٹرول کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ملائیشیا کے محکمہ کسٹمز اینڈ نارکاٹکس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 25 کلو گرام کوکین کی سمگلنگ کو ناکام بنایا۔ یہ نشہ آور پاوڈر طبی آلات کی کھیپ میں چھپایا گیا تھا، لیکن قبل از وقت نشاندہی سے اس کوشش کو ناکام بنایا گیا۔
بریگیڈیئر الشلھوب نے ملائیشیا کے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب منشیات کے عالمی نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مملکت کی جانب سے ان تمام مجرمانہ سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جاتی ہے، کیونکہ ان کا مقصد نوجوانوں کے مستقبل اور ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔
ادھر، کسٹمز و زکٰوۃ اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی نے بتایا کہ ایک ٹرالر کے خفیہ خانوں سے 8.9 کلو گرام نشہ آور پاوڈر برآمد کیا گیا، جسے ویکیوم ٹینک میں چھپایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، منشیات وصول کرنے کے لیے آنے والے دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
الحربی نے کہا کہ کسٹم اہلکاروں کی مہارت اور تجربے نے منشیات کی یہ کوشش ناکام بنائی اور ملک میں امن و تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔