پاکستان ریلویز نے مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید 11 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ٹرینوں کی نیلامی 3 دسمبر کو پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹر میں اوپن بولی کے ذریعے ہوگی۔
ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نہ صرف اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کا عمل شروع کیا ہے بلکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ ٹرینیں آؤٹ سورس کرنے کی بھی تیاری کر رہی ہے۔ آؤٹ سورسنگ کے قوانین کے مطابق دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں نے اپنی دستاویزات ریلویز انتظامیہ کے سپرد کر دی ہیں، جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
دستاویزات کی جانچ کے بعد 3 دسمبر کو اوپن بولی ہوگی، اور وہ کمپنی جس نے سب سے زیادہ بولی دی ہوگی، اسے متعلقہ ٹرین کی خدمات کی فراہمی کا حق مل جائے گا۔
جن ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی، ان میں ہزارہ ایکسپریس، ملت ایکسپریس، بہاالدین زکریہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بدر ایکسپریس، غوری ایکسپریس، راوی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، فیض احمد فیض پسنجر، منجو دوڑو پسنجر ٹرین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ریلویز انتظامیہ پہلے ہی 8 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کر چکی ہے، جن میں شالیمار، پاک بزنس اور دیگر ٹرینیں شامل ہیں۔
پاکستان ریلویز: 11 مزید ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ، اوپن نیلامی 3 دسمبر کو ہوگی








