بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

26 نومبر احتجاج کیس: علیمہ خان کو عارضی پولیس تحویل میں لے لیا گیا

راولپنڈی (صغیر چوہدری) – انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان کو عارضی پولیس تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے۔ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت آج عدالت میں ہوئی۔
علیمہ خان نے عدالت میں بتایا کہ ان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اور انہیں جانے کی اجازت دی جائے، تاہم پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کرمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہیں اور عدالت کی اجازت کے بغیر باہر نہیں جا سکتیں۔ علیمہ خان عدالت سے باہر نکلیں تو خواتین پولیس اہلکاروں نے انہیں دوبارہ عدالت کے اندر لے آئے۔ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچ گئے۔
عدالتی تحویل کے دوران میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ وہ عدالت پیش ہوئی ہیں تاکہ مچلکے جمع کرائے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ شوکت خانم کے چار اکاؤنٹ فریز کیے گئے ہیں، اور وہ شوکت خانم بورڈ کی آنریری ممبر ہونے کی حیثیت سے عدالت سے درخواست کر رہی ہیں کہ اکاؤنٹس بحال کیے جائیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ حکومت شوکت خانم جیسے فلاحی اداروں کو برداشت نہیں کر رہی اور انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ شوکت خانم کو کیوں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 26 نومبر کو وہ پرامن قافلے کے ساتھ اسلام آباد گئی تھیں، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اور بانی پی ٹی آئی نے پرامن احتجاج کا پیغام دیا۔ علیمہ خان نے کہا، “میرا جرم یہ ہے کہ میں نے عوام تک بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا۔ آج 26 نومبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔”
علیمہ خان نے ملک میں موجود خوف، ظلم اور آئینی ترامیم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 30 لاکھ لوگ ملک چھوڑ چکے ہیں، اور حکومت خود کہہ رہی ہے کہ سب کچھ پوچھ کر بتایا جائے گا۔