اسلام آباد – وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور، سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو مالی ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے، مگر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو پا رہا۔
جیو نیوز کے پروگرام “جیو پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پروجیکٹ کے بعد ملک میں معاشی مسائل بڑھے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ 2017 میں مہنگائی کا تناسب 3 فیصد تھا، جو چار سال میں 40 فیصد تک پہنچ گیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا: “ہماری اولین ترجیح ملک کی ترقی اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہونے کے بعد ہی ہم عوام کو ریلیف دے سکیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا حساب بعد میں لیا جا سکتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں ملک کی بہتری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
رانا ثنااللہ نے ہری پور ضمنی الیکشن میں کامیابی پر خوشی ظاہر کی اور کہا کہ حکومتی امیدوار کے مہم کے دوران دھمکیوں، جھوٹے مقدمات اور نفرت پھیلانے والے اقدامات کا نتیجہ مثبت نہیں نکلتا۔









