پشاور – حسن خیل میں گیس پائپ لائن پھٹنے کے بعد سوئی ناردرن کمپنی نے متبادل لائن کے ذریعے محدود پیمانے پر گیس کی ترسیل بحال کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ثنا اللہ کے مطابق، 24 انچ کی مرکزی ٹرانسمیشن لائن پشاور، مردان اور سوات میں گیس کی بنیادی سپلائی فراہم کرتی تھی، جبکہ اب 16 انچ کی متبادل لائن سے گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ متبادل لائن کی محدود گنجائش کے باعث گیس کی مقدار کم ہوگی۔
گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی صبح 5 سے 9 بجے اور دوپہر 11 سے 2 بجے تک ہوگی، جب کہ سی این جی اسٹیشنز عارضی طور پر بند رہیں گے۔
سوئی ناردرن کے جی ایم وقاص شنواری نے بتایا کہ پائپ لائن میں دھماکا ممکنہ طور پر دہشتگردی کی واردات ہے، تاہم لیکج کے باعث آگ نہیں لگی۔
واقعے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے متعدد شہروں میں گیس کی ترسیل متاثر ہوئی تھی، اور کمپنی فوری مرمت اور متبادل لائن کے ذریعے سپلائی بحال کرنے میں مصروف ہے۔









